چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ندیم اسلم چوہدری کی زیر صدارت صوبائی بین المذاہب ہم آہنگی کمیٹی کا اجلاس
چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ندیم اسلم چوہدری کی زیر صدارت صوبائی بین المذاہب ہم آہنگی کمیٹی کا اجلاس پشاور میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں سیکرٹری اوقاف جناب عادل صدیق ، چیف خطیب خیبرپختونخوا مولانا طیب قریشی، مسیحی، ہندو، سکھ، بہائی اور کیلاش کمیونٹی کے نمائندوں، متعلقہ سرکاری اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے حکام نے شرکت کی۔ چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ندیم اسلم چوہدری کا اجلاس سے خطاب میں کہنا تھا کہ بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کیلئے ہمیں بحیثیت قوم مل کر کردار ادا کرنا ہوگا۔ دین اسلام دنیا کے تمام مذاہب اور ان کے ماننے والوں کے احترام کا درس دیتا ہے۔ بین المذاہب ہم آہنگی اور بھائی چارہ وقت کی اہم ضرورت ہے جس کے لئے حکومت اور تمام مذہبی کمیونٹییز اپنا بھرپور کردار ادا کرتی رہیں گی۔چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا کا مزید کہنا تھا کہ ہم ایک قوم ہیں اور ایک دوسرے کے ساتھ باہمی بھائی چارے اور محبت کے ساتھ ملک کی ترقی میں یکجا ہوکر کردار ادا کرنا ہے۔ اجلاس کو ضلعی سطح پر بین المذاہب ہم آہنگی سے متعلق امور و کارکردگی کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ضلعی سطح پر بین المذاہب کونسلز مقامی سطح پر مسائل کے حل میں مدد گار ثابت ہوئی ہیں۔چیف خطیب مولانا طیب قریشی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا میں تمام مذہبی کمیونٹییز امن اور بھائی چارے سے زندگی گزار رہی ہیں اور معاشرے میں بھرپور ہم آہنگی موجود ہے۔شرکا کی جانب سے اس موقع پر بین المذاہب ہم آہنگی اور کمیونٹییز کی ترقی کے لئے مختلف تجاویز بھی دی گئیں۔کمیونٹی نمائندگان نے اجلاس کے اختتام پر صوبائی حکومت کا شکریہ ادا کیااور تمام مذاہب کے درمیان پرامن بقائے باہمی کے فروغ کیلئے اپنے غیر متزلزل عزم کا متفقہ طور پر اظہار بھی کیا گیا۔شرکاء کا مزید کہنا تھا کہ ملک کی ترقی کے لئے تمام مذہبی کمیونٹییز اپنا بھرپور کردار ادا کر رہی ہیں جبکہ حکومت کے تعاون سے ملک کو امن کا گہوارہ بنانے کیلئے بھی اپنا مثبت کردار ادا کرتی رہیں گی۔ چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت کھیلوں، سکالر شپ اور دیگر ترقیاتی منصوبوں میں اقلیتی برادری کی شمولیت یقینی بنانے کیلئے اقدامات کررہی ہے اور امن کے قیام پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے، قیام امن سے ہی ملک کی معاشی ترقی وابستہ ہے۔اجلاس کے اختتام پر چیف خطیب نے ملک کی سالمیت، استحکام، ترقی اور قوم کے اتحاد و یکجہتی کے لئے خصوصی دعا کرائی۔