خیبرپختونخوا کے وزیر برائے اوقاف، حج و مذہبی امور محمد عدنان قادری , سیکرٹری اوقاف عادل صدیق اور ایڈمنسٹریٹر اوقاف نےآج بتاریخ 30 اکتوبر 2024 کومردان میں واقع محکمہ اوقاف کی مختلف زمینوں کا تفصیلی دورہ کیا ۔ دورے کا مقصد محکمہ اوقاف کی تمام جائیدادوں کی حالت، لیز کی صورتحال، قبضے اور تجاوزات کے مسائل، اور مالی وصولی کے معاملات کا جائزہ لینا تھا۔ وزیر اوقاف محمد عدنان قادری اور سیکرٹری اوقاف عادل صدیق نے اپنے دورے کے دوران غلہ ڈھیر میں واقع 100 کنال اوقاف پراپرٹی کا معائنہ کیا۔ اس میں کچھ حصہ محکمہ کھیل کولیز پر دیا گیا ہے جبکہ باقی 220 کنال زرعی اراضی پہلے سے لیز پر ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ان جائیدادوں سے متعلق تمام مالی امور اور وصولیوں میں شفافیت کو یقینی بنایا جائے اور کسی بھی خرد برد یا تجاوزات کی صورت میں فوری طور پر ان کے دفتر کو آگاہ کیا جائے۔
وزیر اوقاف اور سیکرٹری اوقاف نے خاوو کلی میں محکمہ اوقاف کی 260 کنال اراضی کا بھی معائنہ کیا۔اس موقع پر وزیر اوقاف اور سیکرٹری اوقاف کو بتا یا گیا کہ اس اراضی میں سے 230 کنال زمین لیز پر دی گئی ہے، جبکہ باقی 30 کنال زمین پر تجاوزات قائم ہیں۔ ان تجاوزات کے حوالے سے نیب میں عدالتی کاروائی جاری ہے۔ وزیراوقاف نے تاکید کی کہ قانونی چارہ جوئی کو تیزی سے آگے بڑھایا جائے اور تجاوزات کو ختم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں۔ مردان رنگ روڈ کے میگا پارک کے حوالے سے بھی وزیر اوقاف اور سیکرٹری اوقاف کو تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس میں 340 کنال اور 12 مرلے زمین صوبائی حکومت کو لیز پر دی گئی ہے، اور باقی 11 کنال پر پٹرول پمپ اور دکانیں تعمیر کی گئی ہیں۔ سیکرٹری اوقاف نے اس اراضی پر لیز کی شرائط اور اس کے استعمال کو قانون کے مطابق چلانے کی ہدایت دی اور کہا کہ کسی بھی مالی بے قاعدگی کی صورت میں سخت کارروائی کی جائے گی۔
وزیر اوقاف اور سیکرٹری اوقاف نے منی خیلہ مردان میں واقع محکمہ اوقاف کی 499 کنال وقف زمین کا بھی جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہیں بتایا گیا کہ اس اراضی میں سے 140 کنال پر قبضہ ہے، جبکہ باقی زمین نیب کے زیر غور مقدمے میں شامل ہے۔ دونوں نے اس موقع پر ہدایات دیں کہ قابضین کے خلاف قانونی چارہ جوئی کو تیز کیا جائے اور کسی بھی غیر قانونی قبضے کو جلد از جلد ختم کیا جائے۔ دورے کے اختتام پر وزیر اوقاف اور سیکرٹری اوقاف نے طورو مردان میں واقع محکمہ اوقاف کے زیر انتظام دارالعلوم طورو کا بھی معائنہ کیا۔ یہاں انہوں نے تعلیمی اور انتظامی معاملات کا جائزہ لیا اور ادارے کے عملے کو یقین دہانی کرائی کہ محکمہ اوقاف تعلیمی اداروں کی بہتری اور ان کے استحکام کے لیے ہر ممکن مدد فراہم کرے گی۔ جہاں انہوں نے دارلعلوم کے طلباء کو دی جانے تعلیمی سہولیات و ماحول کا معائنہ کیا جبکہ کمپیوٹر لیبارٹری ا و زیر تعمیر سیک شنزکا بھی جائزہ لیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر طلباء و اساتذہ کرام سے بھی گھل مل گئے۔
صوبائی وزیر برائے اوقاف اور سیکرٹری اوقاف کے دورہ مردان کے موقع پر ڈپٹی کمشنر مردان ڈاکٹر عظمت وزیر کے ساتھ ان کے دفتر میں ملاقات بھی ہوئی جہاں ڈی سی مردان کے ساتھ محل کالو شاہ کی زمین اور محکمہ اوقاف کے دیگر اراضی جات کے حوالے سے سیر حاصل گفتگو کی گئی. اس موقع پر صوبائی وزیر نے ریمارکس دیئے کہ محکمہ اوقاف کی اراضی جات عوام کی امانت ہے جس کے انچ انچ کا انتظام و انصرام ہماری ذمہ داری ہے اس سلسلے میں ضلعی انتظامیہ کا کردار اور تعاون قابل ذکر ہے۔